خلاصہ
- لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب میں پہلی مرتبہ مفت میت منتقلی سروس کا آغاز کر دیا گیا۔
صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا، سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے بریفنگ دی۔
خواجہ عمران نذیر نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے میت کو ہسپتال سے گھر پہنچانے کیلئے ایمبولینس سروس شروع کرنے کی منظوری دے دی، اجلاس میں پرائیویٹ ایمبولینس سروس کو بھی ریگولائز کرنے پر اتفاق کیا گیا، پرائیویٹ ایمبولینس سروسز کے ریٹ بھی مقرر کرنے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ دوران اجلاس بڑے سرکاری ہسپتالوں اور ہر تحصیل میں سرکاری وہیکل سروس شروع کرنے کیلئے پلان طلب کیا گیا ہے۔
خواجہ عمران نذیر کے مطابق پنجاب کی ہر تحصیل میں ہسپتال سے گھر میت لے جانے کیلئے کم ازکم ایک وین میسر ہوگی، مرحوم کے اہل خانہ 1122 پر کال کر کے یا ہسپتال کاؤنٹر سے مفت وین سروس لے سکیں گے۔
میت منتقلی سروس کی سمارٹ مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے مانیٹرنگ کی جائے گی، میت کو ہسپتال سے دوسرے شہر لے جانے کی سہولت بھی مفت دی جائے گی۔