پاکستان
خلاصہ
- اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی آئینی عدالت نے سابق سی ای او خیبر پختونخواہ اکنامک زون کمپنی جاوید اقبال کی برطرفی کے خلاف دائر اپیل مسترد کرتے ہوئے پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا۔
وفاقی آئینی عدالت کے دو رکنی بینچ نے جسٹس حسن اظہر رضوی کی سربراہی میں برطرفی کے خلاف اپیل کیس کی سماعت کی۔
سماعت کے دوران سابق سی ای او کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ یہ کوئی بادشاہت نہیں کہ حکومت جب چاہے کسی کو برطرف کر دے، مؤقف میں کہا گیا کہ جاوید اقبال کو ان کی کارکردگی کی بنیاد پر دوبارہ سی ای او کے عہدے پر تعینات کیا گیا تھا۔
جسٹس روزی خان نے ریمارکس دیے کہ آپ کی دوبارہ تقرری بھی بادشاہت کے انداز میں ہوئی، جبکہ دوبارہ تقرری کے لیے مسابقتی طریقہ کار اپنایا جانا چاہئے تھا، اگر آپ واقعی اتنے اہل ہیں تو حکومت دوبارہ آپ کی تقرری کر دے گی۔
عدالت نے دلائل مکمل ہونے کے بعد اپیل مسترد کرتے ہوئے پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ برقرار رکھنے کا حکم دیا۔