خلاصہ
- اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے "اُڑان اوورسیز پاکستان سمر سکالرز پروگرام" کے تحت انٹرن شپ کرنے والے سکالرز سے ملاقات کی اور نوجوانوں کے کردار کو ملکی ترقی کے لیے اہم قرار دیا۔
وزیراعظم آفس کے مطابق سکالرز وزارت منصوبہ بندی و ترقیات کے تحت پاکستان کو درپیش مسائل پر تحقیق کے لیے چھ ہفتوں کی انٹرن شپ کر رہے ہیں۔
وزیراعظم نے دنیا کی ممتاز جامعات میں زیر تعلیم پاکستانی طلبہ کے پاکستان میں انٹرن شپ کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ قومی ترقی میں نوجوانوں کا کردار کلیدی ہے، دنیا بھر میں پاکستانی طلبہ و طالبات ملک کا نام روشن کر رہے ہیں۔
محمد شہباز شریف نے سکالرز کو حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے پر بریفنگ دی اور ان کے سوالات کے جوابات دیئے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ماضی میں جب ملک ڈیفالٹ کے دہانے پر پہنچ چکا تھا تو ہنگامی معاشی اصلاحات کے ذریعے استحکام حاصل کیا گیا۔
.jpg)
شہباز شریف نے کہا کہ جامع اصلاحات میں ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن، محاصل میں اضافہ، کاروبار میں آسانی، پیداواری صلاحیت میں بہتری، زرعی شعبے کی ترقی، نوجوانوں کو بااختیار بنانا، قابل تجدید توانائی کا فروغ اور پائیدار معاشی ترقی شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مؤثر انفورسمنٹ اقدامات کے نتیجے میں گزشتہ مالی سال کے دوران ایف بی آر نے 800 ارب روپے سے زائد اضافی محصولات جمع کئے جبکہ حکومت کی معاشی اصلاحات کا مقصد مضبوط، خود کفیل اور برآمدات پر مبنی معیشت کی بنیاد رکھنا ہے۔
وزیراعظم نے سکالرز پر زور دیا کہ وہ اپنی تعلیم، تحقیق اور عالمی تجربے کو پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے بروئے کار لائیں۔
ملاقات میں طلبہ و طالبات نے مختلف شعبوں میں بہتری کے حوالے سے اپنی تجاویز بھی پیش کیں۔
اجلاس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، عطا اللہ تارڑ، علی پرویز ملک، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، وزیر مملکت برائے قومی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔