خلاصہ
- لاہور: (دنیا نیوز) مون سون بارشوں کے باعث پنجاب کے دریاؤں میں طغیانی کی صورتحال ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دریاؤں کا بہاؤ مستحکم رہا۔
پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق دریائے سندھ میں کالا باغ، چشمہ اور تونسہ کے مقام پر نچلے درجے کے سیلاب کی صورتحال ہے، کالا باغ 3 لاکھ 34 ہزار اور چشمہ میں 3 لاکھ 70 ہزار کیوسک ہے، جبکہ تونسہ بیراج میں پانی کا بہاؤ 3 لاکھ 13 ہزار کیوسک ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے چناب میں سیلابی صورتحال میں کمی ہو رہی ہے، دریائے چناب میں سیلابی صورتحال نچلے درجے پر آگئی ہے، دریائے چناب میں مرالہ، خانکی، قادر آباد اور تریموں کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔
مرالہ کی مقام پر پانی کا بہاؤ 1 لاکھ 43 ہزار،خانکی کے مقام پر 1 لاکھ 38 ہزار کیوسک، جبکہ قادر آباد کے مقام پر پانی کا بہاؤ 1 لاکھ 35 ہزار کیوسک ہے، تریموں میں پانی کا بہاؤ 1 لاکھ 84 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ دریائے ستلج اور جہلم میں پانی کا بہاؤ نارمل ہے، دریائے راوی میں بلوکی اور سرھنائی کے مقام پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال ہے، دریائے راوی میں بلوکی کے مقام پر پانی کا بہاؤ 81 ہزار کیوسک ہے، جبکہ سدھنائی کے مقام پر پانی کا بہاؤ 60 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔
دریائے راوی میں جسڑ شاہدرہ اور ہیڈ سدھنائی کے مقام پر بہاؤ نارمل ہے، نارروال نالہ بسنتر میں درمیانے درجے کے سیلاب کی صورتحال ہے، بریج ناکہ ایک میں نچلے درجے وزیرہ آباد نالہ پھلکو میں اونچے درجے کا سیلاب ہے، نالہ پھلکو میں پانی کا بہاؤ 5 ہزار کیوسک ہے، نارووال نالہ بسنتر میں نچلے درجے کی سیلابی صورتحال ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر عباس میلہ کا کہنا ہے کہ بالائی علاقوں میں بارشوں کے سبب دریاؤں کے بہاؤ میں اضافہ ہوا، دریائے چناب کے اپر کیچمنٹس میں بارشیں رک چکی ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں سے دریائے چناب میں طغیانی میں کمی ہو رہی ہے۔