راولاکوٹ میں فائرنگ سے پولیس اہلکار اور شہری زخمی، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج گاڑی سمیت اغوا

راولاکوٹ میں فائرنگ سے پولیس اہلکار اور شہری زخمی، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج گاڑی سمیت اغوا

ضلعی پولیس راولاکوٹ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق بدھ کو دوپہر 12 بجے سے شام 5 بجے تک پیش آنے والے واقعات میں ایک پولیس اہلکار اور ایک شہری زخمی ہوئے، دونوں زخمی سی ایم ایچ راولاکوٹ میں زیر علاج ہیں۔

پولیس نے الزام عائد کیا ہے کہ ایکشن کمیٹی سے وابستہ مسلح عناصر نے راولاکوٹ شہر میں سول آبادی پر شدید فائرنگ کی جس کے نتیجے میں پولیس اہلکار اور شہری زخمی ہوئے، سرکاری ہسپتال کے مختلف شعبوں کو نشانہ بنا کر نقصان پہنچایا گیا جبکہ ایک ایمبولینس پر بھی فائرنگ کی گئی۔

پولیس کے مطابق راولاکوٹ سے پلندری جانے والی شاہراہ پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج کو گاڑی سمیت اغوا کیا گیا، جن کی بازیابی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

ضلعی پولیس راولاکوٹ کا کہنا ہے کہ ایکشن کمیٹی سے وابستہ عناصر کے مبینہ غیر قانونی اور پُرتشدد اقدامات کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی جاری ہے جبکہ قانون شکن عناصر کے خلاف مزید اقدامات بھی کیے جائیں گے۔