خلاصہ
- گلگت: (دنیا نیوز) گلگت بلتستان میں آج یکم نومبر کو یومِ آزادی قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے، آئی ایس پی آر نے یوم آزادیِ گلگت بلتستان کی مناسبت سے خصوصی ملی نغمہ ’’شانِ پاکستان، گلگت بلتستان‘‘ ریلیز کر دیا۔
یکم نومبر 1947 کو پاکستان سے الحاق اور ڈوگرا راج کے خاتمے کے لیے گلگت بلتستان کے عوام جنگِ آزادی میں کامیاب ہوئے تھے۔
یکم نومبر 1947 کو گلگت سکاوٹس اور مقامی جانبازوں نے ہندوستانی فوج کے خلاف دلیری اور پوری قوت سے مقابلہ کیا اور علاقے میں پاکستانی پرچم لہرایا، ایک سال کی جدوجہد کے بعد 14 اگست 1948 کو بلتستان کو بھی ہندوستان کے تسلط سے آزاد کرا لیا گیا۔
جنگِ آزادی کے دوران گلگت بلتستان کے بہادر جوانوں نے دشمن کو شکست دی اور اپنی سرزمین کو بھارتی تسلط میں جانے سے روک دیا۔
جنگِ آزادی گلگت بلتستان کے دوران لڑی جانے والی جنگیں عالمی عسکری معرکوں میں بہادری کی روشن داستانیں سمجھی جاتی ہیں، آزادی کے بعد بھی گلگت بلتستان کے عوام نے پاک بھارت جنگوں میں جوانمردی کے ساتھ ناقابلِ فراموش کارنامے انجام دیے۔
دریں اثنا آئی ایس پی آر نے یوم آزادیِ گلگت بلتستان کی مناسبت سے خصوصی ملی نغمہ ’’شانِ پاکستان، گلگت بلتستان‘‘ ریلیز کر دیا۔
گلگت بلتستان کے نامور شاعر ذیشان مہدی کا خوبصورت کلام، گلوکار جے جے علی شینا کی پُراثر آواز میں پیش کیا گیا
ملی نغمہ گلگت بلتستان کے عوام کی پاکستان سے عقیدت، قومی تشخص اور گہری دلی وابستگی کا عکاس ہے جس میں گلگت بلتستان کی تاریخی جدوجہد اور پاکستان سے جڑے فخر و اعزاز کے جذبات اجاگر کیے گئے ہیں۔