شرجیل میمن نے متحدہ کی سڑکیں بند کرنے کی دھمکیا ں دہشتگردانہ عمل قرار دیدیں

شرجیل میمن نے متحدہ کی سڑکیں بند کرنے کی دھمکیا ں دہشتگردانہ عمل قرار دیدیں

شہرِ قائد سے جاری اپنے بیان میں شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ اختلافِ رائے ہر سیاسی جماعت کا حق ہے، تاہم شہریوں کو یرغمال بنانے کا دور گزر چکا ہے، شاہراہ فیصل بند کرنے اور لوگوں کو راستوں سے نکلنے نہ دینے کی دھمکیاں جمہوری نہیں بلکہ دہشت گردانہ طرزِ عمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی سیاسی جماعت کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ عوام کے راستے بند کرے، جمہوریت کے نام پر تقسیم کی باتیں کرنا اور پھر اسی جمہوریت کے ثمرات کی دہائی دینا مضحکہ خیز ہے۔

سینئر وزیر سندھ کا کہنا تھا کہ صوبوں کے حوالے سے سندھ اسمبلی اپنی قرارداد کی صورت میں واضح مؤقف دے چکی ہے جب کہ ڈویژنز کی صورت میں انتظامی یونٹس پہلے ہی موجود ہیں، اس لیے ایم کیو ایم کا نئے انتظامی یونٹس کا مطالبہ بچگانہ اور سیاسی ابہام پیدا کرنے کی کوشش ہے۔

شرجیل انعام میمن نے مزید کہا کہ سندھی ٹوپی اور اجرک پہننے سے سندھ کی تقسیم کا مطالبہ جائز نہیں ہو جاتا، خاندانی سیاست کے نام پر دوسروں کو تنقید کا نشانہ بنانے سے پہلے ایم کیو ایم کو اپنی جماعت کے اندر جمہوری طرزِ عمل کا جائزہ لینا چاہیے۔