یوٹیوب کا ویب ورژن کے ڈیزائن کو تبدیل کرنے کا اعلان

Published On 10 June,2024 09:56 pm

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) دنیا کے مقبول ترین ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب کے ویب ورژن کے ڈیزائن کو تبدیل کیا جا رہا ہے۔

جی ہاں اگر آپ کمپیوٹر یا لیپ ٹاپ پر یوٹیوب دیکھنے کے عادی ہیں تو بہت جلد اس میں نمایاں تبدیلی محسوس کریں گے، گوگل کی زیر ملکیت ویڈیو شیئرنگ سروس کے ویب ورژن کو ری ڈیزائن کیا جا رہا ہے۔

درحقیقت یوٹیوب کی جانب سے نئے ڈیزائن کو متعارف کرانے کا سلسلہ بھی شروع کر دیا گیا ہے، اس نئے ڈیزائن کی آزمائش اپریل 2024 میں شروع ہوئی تھی اور صارفین کی جانب سے ملا جلا ردعمل سامنے آیا تھا جس کے بعد کمپنی کی جانب سے اس میں کچھ تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

نئے یوزر انٹرفیس میں ویڈیو دیکھنے کے تجربے اور مواد کی دریافت کو بہتر بنایا جا رہا ہے، ابھی نئے ڈیزائن کے بارے میں مکمل تفصیلات تو سامنے نہیں آئیں مگر ویڈیو ٹائٹل، اپ لوڈر انفارمیشن، کمنٹس اور ریکومینڈڈ جیسے شعبوں کو تبدیل کیا جا رہا ہے۔

بظاہر یہ ڈیزائن کافی حد تک یوٹیوب کی ٹی وی ایپ سے ملتا جلتا محسوس ہوگا، کمپنی کی جانب سے محدود صارفین کے فیڈ بیک کو مدنظر رکھ کر اس ڈیزائن میں مزید تبدیلیاں کی جا سکتی ہیں جس کے بعد اسے بڑے پیمانے پر متعارف کرایا جائے گا۔

اس نئے ڈیزائن کی آزمائش یکم جولائی تک ہوگی جس کے بعد اگست تک ممکنہ طور پر اسے تمام صارفین کے لیے متعارف کرایا جا سکتا ہے، کمپنی کے مطابق اس نئے ڈیزائن سے یوٹیوب کے ویب ورژن پر ویڈیوز دیکھنے کا تجربہ بہتر ہوگا۔

اس نئے ڈیزائن میں آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر مبنی فیچرز بھی موجود ہوں گے جن میں سے ایک فیچر کے تحت صارفین دیکھی جانے والی ویڈیوز کے بارے میں سوالات پوچھ سکیں گے۔