نیویارک: (دنیا نیوز) کورونا کے باعث دنیا بھر میں اموات کا سلسلہ مزید بڑھنے لگا، تعداد 2 لاکھ 84 ہزار کے قریب پہنچ گئی، امریکا میں مزید 750 افراد ہلاک ہوئے، تعداد 80 ہزار787 سے تجاوز کر گئی۔ برطانیہ میں مزید 268 افراد لقمہ اجل بنے، وزیر اعظم بورس جانسن نے لاک ڈاؤن میں نرمی کا اعلان کرتے ہوئے بدھ سے لوگوں کو پارکس میں جانے کی اجازت دے دی۔
دنیا میں مہلک وائرس سے ہلاکتوں میں اضافہ، امریکا میں مزید 750 افراد ہلاک ہوئے۔ برطانیہ میں مزید 268 ہلاکتوں کے بعد اموات31 ہزار 855 ہو گئیں، برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کا قوم سے خطاب میں کہنا تھا ان کا ملک اس وقت لیول تھری کی جانب بڑھ رہا ہے، لاک ڈاؤن میں نرمی کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے کہا پہلے مرحلے میں بدھ کے روز سے لوگوں کو پارکس میں جانے کی اجازت ہو گی، دوسرے مرحلے میں دکانیں اور اسکولز کھلیں گے اور تیسرے مرحلے میں ریستوران اور کیفے کھولے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں کو سماجی دوری کے اصولوں پر قائم رہنا ہو گا، عمل نہ کرنے والوں کو جرمانے کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال لاک ڈاؤن مکمل طور پر ختم کرنے کا وقت نہیں آیا۔
برازیل میں مزید 467، ایکواڈور میں 410، میکسیکو میں 193، کینیڈا میں 177 اموات ہوئیں۔ اٹلی میں 165، اسپین 143، فرانس 70، بھارت 111، ایران 51 اور ترکی میں 47 افراد چل بسے۔