نیویارک: (دنیا نیوز) دنیا بھر میں کورونا سے صورتحال بدتر ہو گئی، ہلاکتوں کی تعداد 2 لاکھ 92 ہزار 893 ہو گئی، 43 لاکھ 42 ہزار 354 افراد متاثر ہیں، صحت یاب افراد کی تعداد 16 لاکھ سے بڑھ گئی۔
دنیا خطرناک وائرس کورونا کی لپیٹ میں، امریکا میں متاثرین کی تعداد 14 لاکھ سے بڑھ گئی جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 83 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔ وائٹ ہاؤس نے عمارت کے اندر کام کرنے والے صحافیوں کی ٹیسٹنگ شروع کردی ہے۔
اسپین، روس، برطانیہ اور اٹلی میں بھی وائرس متاثرین کی تعداد 2 لاکھ سے زیادہ ہے۔ فرانس دنیا میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے ممالک کی فہرست میں امریکا، برطانیہ، اور اٹلی کے بعد چوتھے نمبر پر آ گیا جہاں ہلاکتوں کی تعداد 26,991 ہوچکی ہے۔
چین میں کورونا ایک بارپھر سر اٹھانے لگا، گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید سات کیس سامنے آئے ہیں۔ سعودی حکام نے ملک میں کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے عیدالفطر کی تعطیلات کے دوران 23 سے 27 مئی تک ملک میں کرفیو نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ سعودی وزارت داخلہ کے مطابق عیدالفطر کے موقع پر پانچ روزہ تعطیلات کے دوران ریاست بھر میں 24 گھنٹے کرفیو نافذ رہے گا۔
سماجی رابطے پر کورونا سے متعلق غلط معلومات دینے والے خبردار ہو جائیں۔ ٹوئٹر کے مطابق گمراہ کن معلومات سے صارفین کو بچانے کے لیے ایسا فیچر متعارف کرایا جا رہا ہے جو کورونا وائرس سے متعلق غلط معلومات اور گمراہ کن دعوؤں کو حذف کرنے میں مددگار ثابت ہو گا۔