نئی دہلی: (دنیا نیوز) بھارت میں کورونا سے تباہی جاری، مزید 3 ہزار 688 افراد دم توڑ گئے، ہلاکتوں کی تعداد دو لاکھ پندرہ ہزار سے تجاوزکر گئی۔
بھارت میں کورونا کے حملے مزید تیز ہو گئے، ایک روز میں 3 لاکھ 92 ہزار سے زائد نئے مریض سامنے آئے، جان لیوا وائرس سے مزید 3 ہزار 688 افراد لقمہ اجل بن گئے۔ مرنے والوں کی مجموعی تعدا د 2 لاکھ 15 ہزار سے تجاوز کر گئی۔ بھارت میں کورونا کے نئے متاثرین کی شرح 18.24 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔
ہسپتالوں میں مریضوں کے لیے جگہ ختم ہو گئی، لوگ اپنی مدد آپ کے تحت اپنے پیاروں کے لیے آکسیجن اور ادویات کا انتظام کررہے ہیں۔ دلی میں مسلمانوں نے کورونا ہسپتال بنا لیا جہاں کورونا وائرس کے مریضوں کو سہولیات دی جا رہی ہیں۔
مختلف علاقوں سے سو ٹن سے زائد آکسیجن کے ٹینکر ریل کے ذریعے دلی پہنچائے گئے۔ روس کی جانب سے ڈیڑھ لاکھ ویکسین بھارت پہنچ گئی، جرمنی سے 120 وینٹی لیٹرز کی امداد بھارت کی لیے روانہ کر دی گئی۔ خطرناک صورت حال کے پیش نظر مزید ملکوں نے بھارت پر سفری پابندیاں عائد کر دیں۔