جنگ ختم ، امریکا کیساتھ نئے تعلقات کی شروعات چاہتے ہیں: ترجمان طالبان

Published On 17 September,2021 07:00 pm

دوحہ: (ویب ڈیسک) قطر میں افغان طالبان کے سیاسی دفتر کے ترجمان سہیل شاہین نے کہا ہے کہ جنگ کا باب ختم ہوگیا اب امریکا کیساتھ نئے تعلقات کی شروعات چاہتے ہیں۔

امریکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو کے دوران ترجمان طالبان نے کہا کہ جب امریکا سے افغانستان میں جنگ تھی تب وہ ہمارا دشمن تھا تاہم اب جنگ کا چیپٹر ہی ختم ہوگیا اور امریکا کو بھی سمجھ آگیا کہ مسئلے کا حل مذاکرات میں ہے۔ جنگ کا دور ختم ہوگیا اور اب نیا دور شروع ہو رہا ہے جس میں امریکا کے ساتھ بہتر تعلقات کی شروعات چاہتے ہیں تاہم اب امریکا پر منحصر ہے کہ وہ ہمارے ساتھ کام کر کے افغانستان میں غربت کے خاتمے، تعلیم کے شعبے اور افغانستان کے بنیادی ڈھانچے کو کھڑا کرنے میں مدد کرتا ہے یا نہیں۔

تحریک طالبان پاکستان پر اسلام آباد کے خدشات اور داعش کی روک تھام کے حوالے سے پوچھے گئے سوالوں کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم کسی بھی گروہ کو افغان سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں کرنے دیں گے۔ انھوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ داعش کو کنڑ اور ننگرہار میں شکست دی تھی اور اب بھی داعش پر قابو پانے کی طاقت رکھتے ہیں۔

ترجمان طالبان سہیل شاہین نے عبوری حکومت میں افغانستان کی تمام اقوام اور طبقات کی نمائندگی نہ ہونے کے تاثر کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت تمام نسلی گروپس کی حمایت سے بنائی گئی ہے جب کہ فوری الیکشن کا امکان کو بھی رد کرتے ہوئے کہا کہ ابھی آئینی مسودے پر کام جاری ہے۔