غزہ: (دنیا نیوز) صیہونی فورسز کے غزہ میں وحشیانہ حملےجاری ، گزشتہ 24 گھنٹوں میں 58 فلسطینی شہید جبکہ 131 افراد زخمی ہو گئے۔
عرب میڈیا کے مطابق غزہ پر بھی اسرائیلی حملے جاری ہیں جن میں گزشتہ 24گھنٹوں میں مزید 58 فلسطینی شہید ہوئے جس کے بعد غزہ جنگ میں ہلاکتوں کی تعداد اب 40 ہزار 500 سے تجاوز کر چکی ہے۔
غزہ میں ہونے والے اسرئیلی حملوں میں مزید ایک فلسطینی صحافی کو نشانہ بنایا گیا جس میں فوٹو جرنلسٹ محمد ابد ربو اسرائیلی حملے میں جاں بحق ہوگئے، اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے میں کارروائیاں کرتے ہوئے 9 فلسطینیوں کو شہید کردیا اور متعدد کو حراست میں لے لیا، اس دوران اسرائیلی فوج اور فلسطینیوں کےدرمیان جھڑپیں ہوئیں۔
یہ بھی پڑھیں: ایران کیلئے ہمارا پیغام ہے کہ وہ اسرائیل پر حملہ نہ کرے : وائٹ ہاؤس
رپورٹس کے مطابق مغربی کنارے کے علاقوں جنین کیمپ، طولکرم اور طوباس میں اسرائیلی فوج کے حملوں میں 9 فلسطینی شہید ہوگئے جبکہ متعدد فلسطینیوں کو گرفتارکرلیاگیا۔
دوسری جانب غزہ جنگ بندی معاہدے پر بات چیت کا ایک اور دور قطر میں ہوگا جس کے لیے اسرائیلی وفد آج دوحہ پہنچےگا، اس سے پہلے قاہرہ میں ہونے والا مذاکرات کا دور بغیرکسی نتیجے کے ختم ہوا تھا اور حماس نے ثالثوں کی جانب سے دی گئی نئی تجاویز کو مسترد کردیا تھا۔