نئی دہلی: (دنیا نیوز) معرکہ حق میں پاکستان کے ہاتھوں بھارت کو عبرتناک شکست کا عالمی سطح پر اعتراف ہونے سے بھارت میں صف ماتم بچھ گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی کانگریس کی رپورٹ میں آپریشن سندور کی ناکامی کے اعتراف پر بھارتی رہنماؤں نے مودی کو آڑے ہاتھوں لے لیا، امریکی کانگریس کی رپورٹ پر بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس کے رہنما جے رام رمیش مودی پر برس پڑے۔
بھارتی رہنما جے رام رمیش کا کہنا تھا کہ امریکی کانگرس کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پہلگام میں کوئی دہشت گرد حملہ نہیں ہوا، رپورٹ کہتی ہے کہ پاک بھارت جنگ میں پاکستان کی جیت ہوئی ہے۔
جے رام رمیش نے کہا کہ بھارتی شکست پر مودی کو اپنی مجرمانہ خاموشی توڑنی چاہئے، عالمی سطح پر پہلگام حملے کو انتہا پسند حملہ کہنا ہمارے بیانیہ پر بڑا دھچکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکی کانگریس کی رپورٹ ہمارے سفارتی وفد کی اہلیت پر بھی سوالات اٹھاتی ہے، یہ رپورٹ جنگی میدان میں پاکستان کی بھارت پر فتح کی بات کرتی ہے، امریکی کانگرس کی رپورٹ نے بھارت کے سارے جھوٹ اور منافقانہ موقف اڑا کے رکھ دیے ہیں۔
معرکہ حق میں پاکستان کے ہاتھوں بھارت کی پسپائی کا اعتراف دنیا پہلے ہی کر چکی ہے، پاکستان نے 7 بھارتی طیارے زمین بوس اور متعدد اہداف کو نشانہ بنا کر اپنی عسکری فتح کو منوایا۔



