اسلام آباد: (دنیا نیوز) گیس نرخ بڑھانے کے بعد حکومت نے سی این جی فی کلو 15 روپے تک مہنگی کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
حکومت کا سی این جی بھی مہنگی کرنے کا فیصلہ، ذرائع کے مطابق سی این جی کی قیمتوں میں اضافہ اسی ہفتے کے دوران کیا جائے گا۔ سندھ، بلوچستان اور کے پی کیلئے سی این جی کی قیمت بڑھائی جائیں گی جبکہ پنجاب میں قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا جائیگا۔ پنجاب میں 1100 سی این جی سٹیشنز ایل این جی پر چل رہے ہیں۔ سندھ میں 586، کے پی 618 اور بلوچستان میں 22 سی این جی سٹیشن قدرتی گیس پر چل رہے ہیں۔
رہنماء سی این جی ایسوسی ایشن غیاث پراچہ کا کہنا ہے کہ کسی اور سیکٹر کا بوجھ سی این جی پر نہ ڈالا جائے۔ پٹرول کی طرح سی این جی غریب آدمی کا ایندھن ہے حکومت اسے بھی سبسڈی دے۔
دوسری جانب بجلی مہنگی کرنے کا فیصلہ 13 اکتوبر کے ضمنی الیکشن کے بعد ہونے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق اقتصادی رابطہ کمیٹی نے منگل کو بجلی مہنگی کرنے کی سمری پر غور کرنا ہے جس میں بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کی منظوری نہ ہونے کا امکان ہے۔ ضمنی انتخابات تک بجلی کی قیمت میں ریلیف برقرار رکھا جاسکتا ہے۔