متحدہ عرب امارات سے پاکستان کو ایک ارب ڈالر کے ڈپازٹ موصول

Last Updated On 12 March,2019 08:37 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) متحدہ عرب امارات کی طرف سے ایک ارب ڈالر کے ڈپازٹ موصول ہوئے ہیں جن سے ادائیگیوں کے توازن میں استحکام لانے میں مزید مدد ملے گی جبکہ زرمبادلہ کے ذخائر 16 ارب ڈالر کے لگ بھگ ہو گئے ہیں۔

اسلام آباد سے جاری بیان میں وزارت خزانہ کے ترجمان ڈاکٹر خاقان نجیب نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات نے پاکستان کے لیے جنوری میں تین ارب ڈالر کا ڈپازٹ منظور کیا تھا اور پاکستان کو ایک ارب ڈالر فراہم کیے تھے۔

اب اس سلسلے میں ایک ارب ڈالر مزید پاکستان کو موصول ہو گئے ہیں۔ ڈاکٹر خاقان نجیب کا کہنا تھا کہ ایک ارب ڈالر کے ڈپازٹ بین الاقوامی ادائیگیوں کی ذمہ داری آسانی سے پوری کرنے میں معاون ہوں گے اور ان سے غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ رقم ملنا معاشی میدان میں اہم سنگ میل ہے۔ ڈاکٹر خاقان نجیب نے کہا کہ مالی تعاون سے زرمبادلہ ذخائر بہتر ہوئے ہیں اور پاکستان کے لیے بیرونی ادائیگوں کا دباؤ کم ہوگا۔

ڈاکٹر خاقان نجیب نے بتایا کہ مالیاتی انتظام کے سلسلے میں حکومتی پالیسیوں کے موثر نتائج اس کی اچھی حکمت عملی اور قابل بھروسہ اقدامات کی بنا پر سامنے آ رہے ہیں۔

 

Advertisement