ڈالر کے مقابلے میں روپیہ تگڑا، سٹاک مارکیٹ میں تیزی، سونا بھی سستا

Last Updated On 22 May,2019 04:39 pm

لاہور: (دنیا نیوز) 4 روز کی مسلسل اُڑان کے بعد امریکی ڈالر کے مقابلہ میں روپیہ تگڑا ہو گیا۔ ملکی کرنسی بڑھتے ہی سٹاک مارکیٹ میں تیزی دیکھی گئی جبکہ سونے کی قیمت میں گراوٹ دیکھی گئی۔

دنیا نیوز کے مطابق اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر 1 روپے سستا ہو گیا جس کے بعد امریکی کرنسی کی قیمت 153 روپے ہو گئی ہے۔ اسی طرح انٹر بینک میں ڈالر 3 پیسے سستا ہوگیا، انٹر بینک میں ڈالر 151 روپے 95 پیسے پر ٹریڈ ہوا۔

دوسری جانب سٹاک مارکیٹ میں ایک ہزار 195 پوائنٹس کا اضافہ ہوا، پاکستان سٹاک مارکیٹ کا 100 انڈیکس 34 ہزار 637 پوائنٹس کی سطح پر آگیا۔

دنیا نیوز کے مطابق ملک بھر میں روپے کے تگڑے ہوتے ہی سونے کی قیمتیں بھی گر گئیں۔ صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 800 روپے گراوٹ دیکھی گئی ۔

امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کے تگڑے ہوتے ہی سونے کی قیمتوں میں بھی تنزلی دیکھی گئی، صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت 800 روپے کمی کے بعد 71300 روپے تک پہنچ گئی ہے۔

کراچی، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، گوجرانوالہ، کوئٹہ، سیالکوٹ، ملتان سمیت دیگر صرافہ مارکیٹوں میں دس گرام سونے کی قیمت 686 روپے کمی کے بعد 61 ہزار 128 روپے ہو گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سونے کی قیمتوں کو بھی پر لگ گئے، فی تولہ 600 روپے تک مہنگا

یاد رہے کہ گزشتہ روز امریکی ڈالر مہنگا ہونے کے بعد سونے کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ دیکھا گیا تھا جس کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت 600 روپے اضافہ کے بعد 72100روپے تک پہنچ گئی تھی۔
 

Advertisement