سگریٹ اور کاربونیٹڈ ڈرنکس پر ہیلتھ ٹیکس عائد کرنیکا فیصلہ

Last Updated On 09 June,2019 04:50 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت نے سگریٹ اور کاربونیٹڈ ڈرنکس پر ہیلتھ ٹٰیکس عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سگریٹ کے پیکٹ پر دس روپے اور کاربونیٹڈ ڈرنکس کی بوتل پر ایک روپے ہیلتھ ٹیکس وصول کیا جائے گا.

 

دستاویز کے مطابق وفاقی حکومت نے 20 سگریٹ کے پیکٹ پر 10 روپے اور کاربونیٹڈ ڈرنکس کی 250 ملی لیٹر والی بوتل پر ایک روپیہ ہیلتھ ٹیکس عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سگریٹ اور ڈرنکس پر ٹیکس سے حاصل ہونے والی رقم صحت کے شعبے کی ترقی پر خرچ کی جائے گی۔

آئندہ بجٹ میں سگریٹ اور تمباکو کی دیگر مصنوعات کی غیر قانونی پیداوار اور تجارت کی روک تھام کے لیے اقدامات بھی تجویز کئے جائیں گے۔

وزیراعظم کے فوکل پرسن بابر عطا نے کہا ہے کہ تمباکو نوشی کی حوصلہ شکنی کےلئے تاریخ میں پہلی بار بھاری ٹیکس لگانے جا رہے ہیں، اس سے 40 سے 50 ارب روپے کے وسائل حاصل ہوں گے۔ رقم صحت کارڈ کے ذریعے غریبوں پر خرچ ہوگی۔ موت کے سوداگروں کی بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے۔