ایف بی آر: گاڑیوں اور موبائل فونز کی درآمد پر بھاری ٹیکسز عائد

Last Updated On 28 July,2019 10:32 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایف بی آر کی طرف سے ایک نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے، نوٹیفکیشن کے مطابق 30 ڈالر تک مالیت کے موبائل پر 135 روپے ٹیکس عائد کر دیا گیا ہے جبکہ گاڑیوں کی درآمد پر بھاری ٹیکس عائد کر دیئے گئے ہیں۔

 

دنیا نیوز کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ۔30 تا 100 ڈالر مالیت کے موبائل پر 1320 روپے ٹیکس عائد کر دیا ہے، 100 تا 200 ڈالر کے موبائل پر 1680 روپے ٹیکس عائد ہو گا۔

 

ایف بی آر کے مطابق 200 تا 350 ڈالر کے موبائل پر 1740 روپے ٹیکس دینا پڑے گا، 350 تا 500 ڈالر کے موبائل پر 5 ہزار 400 روپے ٹیکس عائد ہو گا، 500 ڈالر سے زائد مالیت کے موبائل پر 9 ہزار 270 روپے ٹیکس عائد ہو گا۔

ایف بی آر کا کہنا ہے کہ درج ریٹیل پرائس سے کم قیمت پر سگریٹ کی فروخت جرم ہو گی، غیر تیار شدہ تمباکو پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی 300 سے کم کر کے 10 روپے کر دی گئی ہے۔

اُدھر فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے سیمنٹ پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ڈیڑھ روپے سے بڑھا کر 2 روپے فی کلو کر دی ہے۔

دوسری طرف ایف بی آر نے گاڑیوں پر بھی بھاری ٹیکسزعائد کر دئیے۔ 3ہزار سے زائد سی سی گاڑی کی درآمد پر30 فیصد ڈیوٹی وصول کی جائے گی۔

ایف بی آر کے مطابق ہزار سی سی گاڑی پر اڑھائی فیصد، 1800 سو سی سی پر 5 فیصد، 3 ہزار سی سی پر 25 فیصد جبکہ 3 ہزار سے زائد سی سی گاڑی کی درآمد پر 30 فیصد ڈیوٹی عائد کی گئی ہے، 2 ہزار سی سی تک کی مقامی گاڑیوں پر اڑھائی سے 7 فیصد جبکہ اس سے زائد سی سی کی گاڑیوں پر ساڑھے 7 فیصد ڈیوٹی وصول کی جائے گی۔