ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں دو ماہ کے دوران 1 ارب 27 کروڑ ڈالر کا اضافہ

Last Updated On 13 September,2019 11:05 am

کراچی: (دنیا نیوز) دو ماہ میں ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 1 ارب 27 کروڑ ڈالر اضافے سے 15 ارب 75 کروڑ ڈالر کی سطح پر پہنچ گئے۔

رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ میں زرمبادلہ کے ذخائر میں 1 ارب 27 کروڑ ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، سٹیٹ بینک کے جاری اعداد و شمار کے مطابق ملکی زرمبادلہ کے ذخائر اس وقت 15 ارب 75 کروڑ ڈالر کی سطح پر پہنچ چکے ہیں جس میں مرکزی بینک کے ذخائر 1 ارب 18 کروڑ ڈالر اضافے سے 8 ارب 46 کروڑ ڈالر ہیں۔

معاشی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ زرمبادلہ کے ذخائر اس وقت دو ماہ کی درآمدات کے برابر ہیں جبکہ عالمی مالیاتی اداروں کے معیار کے مطابق کسی بھی ملک کے ذخائر کم از کم 3 ماہ کی درآمدات کے برابر ہونا ضروری ہیں۔

دوسری جانب دو ماہ میں کمرشل بینکوں کے ذخائر 9 کروڑ ڈالر اضافے سے 7 ارب 29 کروڑ ڈالر کی سطح پر پہنچ چکے ہیں۔ واضح رہے کہ ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ آئی ایم ایف سے قرض ملنے کے باعث ہوا۔
 

Advertisement