ملتان میں‌ زرعی ماڈل منڈیاں قائم، پشاور میں خالی سٹالز کے باعث شہری مایوس

Last Updated On 20 November,2019 09:33 am

ملتان: (دنیا نیوز) وزیراعظم کے زرعی ایمرجنسی پروگرام کے تحت جنوبی پنجاب میں کسانوں کی سہولت کیلئے زرعی ماڈل منڈیوں کا آغاز کر دیا گیا ہے جہاں بغیر کمیشن کی ادائیگی کے کسان اپنی اجناس خود فروخت کر رہے ہیں۔ دوسری جانب پشاور میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے قائم کی گئیں کسان منڈیاں ناقص حکمت عملی کے باعث ناکام ہوگئیں، خالی سٹالز دیکھ کر شہری مایوس لوٹنے لگے.

وزیراعظم کے زرعی ایمرجنسی پروگرام کے تحت جنوبی پنجاب میں 12 ارب 20 کروڑ روپے کی خطیر رقم سے 13 زرعی ماڈل منڈیوں کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جس میں صارفین کی سہولت کیلئے کسان بغیر کسی کمیشن کے اپنی سبزیاں اور دیگر اجناس فروخت کر رہے ہیں جس پر شہری بھی خوش نظر آتے ہیں۔

کسانوں کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے اس قسم کے اقدامات خوش آئند ہیں کیونکہ ماڈل منڈیوں کے قیام کے باعث شہریوں کو سستے داموں تازہ سبزیاں میسر ہو رہی ہیں جبکہ کسان اپنی اجناس کو خود فروخت کر کے پہلے سے زائد منافع کما رہے ہیں۔ ماڈل منڈیاں کاشتکاروں اور صارفین کیلئے خوشگوار اضافہ ہیں جہاں پر اعلی معیار کی اشیا کی فراہمی کے ساتھ بیٹھنے اور پینے کیلئے صاف پانی کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔

دوسری جانب پشاور میں انتظامیہ کی جانب سے قائم کی گئی کسان منڈی ناکامی سے دوچار ہو گئی، ایک ہفتے بعد منڈی میں سبزیوں اور دیگر سٹالز خالی ہو گئے۔ دلزاک روڈ پر قائم کسان منڈی میں خالی سٹالز دیکھ کر شہری مایوس ہو کر واپس لوٹ جاتے ہیں، کہتے ہیں کہ منڈی میں سبزی ہے ہی نہیں، تو سستی کہاں سے ملے گی۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے منڈیوں کو کامیاب بنانے کیلئے کسانوں سے کرایہ اور کمیشن بھی نہ لینے کا فیصلہ کیا گیا تھا تاہم اس کے باوجود منڈی کامیاب نہ ہو سکی۔ واضح رہے کہ صوبائی حکومت کی جانب سے مختلف اضلاع میں شہریوں کو ریلیف دینے کیلئے پچاس کسان منڈیاں قائم کی جائیں گی۔