پشاور میں کسان بازار سنسان، چند دن سستی سبزیاں فروخت کرنے کے بعد دکاندار غائب

Last Updated On 06 December,2019 09:52 am

پشاور: (دنیا نیوز) پشاور کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے لگائے جانیوالے کسان بازارسنسان پڑ گئے، صرف چند ہی دن ارزاں نرخوں پر سبزیاں فروخت کرنے کے بعد کسان دکاندار منڈیوں سے بوریا بسترگول کر گئے۔

پشاور میں عوام کو سستی سبزی فراہم کرنے کیلئے قائم کردہ کسان منڈی کا تجربہ بری طرح ناکام ہو گیا، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے لگائی منڈی کچھ ہی دن بعد مکمل طور پر سنسان ہو گئی۔

شہریوں کیلئے سستی سبزی خریدنا ایک خواب بن گیا ہے، منڈی میں خریداری کے لیے آنے والے خالی اسٹال دیکھ کر مایوس لوٹ جاتے ہیں، کہتے ہیں کہ حکومت دعوے کرتی ہے تو پورے کیوں نہیں کئے جاتے۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کسان منڈیوں کو کامیاب بنانے کیلئے سبزی فروشوں سے ٹیکس اور کرایہ بھی وصول نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا لیکن وہ بھی کسی کام نہ آیا۔ کسان منڈیوں کی ناکامی سے متعلق ضلعی انتظامیہ کے حکام نے بھی موقف دینے سے گریز کیا۔