کورونا کے سبب عالمی معیشت سست روی کا شکار، خام تیل کی قیمت 12 فیصد گر گئی

Last Updated On 28 April,2020 11:58 am

کراچی: (دنیا نیوز) کورونا وائرس کے سبب عالمی معیشت سست روی کا شکار ہو گئی، ٹریڈنگ کے دوران خام تیل کی قیمت 12 فیصد گر گئی۔

کورونا وائرس سے دنیا بھرمیں کاروباری سرگرمیاں ماند پڑ گئیں جس کے باعث خام تیل کی طلب بھی تیزی سے گھٹنا شروع ہوچکی ہے، نوبت یہاں تک آن پہنچی ہے کہ تیل برآمد کرنے والے ممالک کے پاس خام تیل کا ذخیرہ اس قدر جمع ہوچکا ہے کہ وہ کم داموں خام تیل فروخت کرنے پر مجبور ہیں۔

عالمی منڈی میں ٹریڈنگ کے دوران امریکی خام تیل کی قیمت 12 فیصد کمی کے بعد 11 ڈالر 27 سینٹس فی بیرل جبکہ برطانوی خام تیل کی قیمت 3 فیصد کمی کے بعد 19 ڈالر 33 سینٹس فی بیرل تک پہنچ چکی ہے۔

معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق پاکستان نے ایک ماہ کے بعد خام تیل اور پیٹرولیم مصنوعات کی درآمدات شروع کردی ہے جس کے باعث توقع ہے کہ نیا درآمد کیا جانے والا خام تیل اور پیٹرولیم مصنوعات سستی ملیں گی جس سے پیٹرول و ڈیزل کی قیمت میں مزید کمی کا امکان ہے۔