راولپنڈی میں مہنگائی کا جن بے قابو، روٹی اور نان کی قیمت میں پھر اضافہ

Last Updated On 11 August,2020 09:17 am

راولپنڈی: (دنیا نیوز) راولپنڈی میں مہنگائی کا جن بے قابو ہو گیا، روٹی اور نان کی قیمت میں ایک مرتبہ اضافہ کر دیا گیا۔ روٹی 2 روپے اضافے کیساتھ 8 سے بڑھا کر 10 روپے جبکہ نان 12 سے 15 روپے کردیا گیا۔

راولپنڈی میں نان بائی بے لگام، روٹی کی قیمت میں ایک بار پھر من مانا اضافہ کر دیا جس سے عوام چیخ اٹھے مگر حکومتی ادارے بے بس نظر آتے ہیں۔راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں روٹی یکدم 2 روپے اضافے کیساتھ 10 روپے جبکہ نان 3 روپے اضافے کیساتھ 15 روپے کردیا گیا۔ لاہوری کلچہ 15 سے بڑھ کر 18 روپے جبکہ روغنی نان اور پراٹھے کی قیمت میں بھی 5 روپے اضافہ ہو گیا۔

عوام کہتے ہیں روٹی تو پہنچ سے دور ہو گئی، لگتا ہے اب ہوا، پانی پر ہی گزارا کرنا پڑے گا۔ دوسری جانب نان بائیوں کا کہنا ہے کہ حکومت گیس، آٹا اور میدہ سستا کر دے، روٹی بھی سستی ہوجائے گی۔

واضح رہے سرکاری ریٹ لسٹ کے مطابق اس وقت بھی روٹی کی قیمت 7 روپے جبکہ نان کی قیمت 10 روپے ہے لیکن پوچھنے والا کوئی نہیں۔