پی ایس ایل تھری:غیر ملکی کھلاڑی اور کوچز لاہور پہنچ گئے، شاندار استقبال

Last Updated On 20 March,2018 08:50 am

تفصیلات کے مطابق، 6 مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے 17 غیر ملکی کھلاڑی اور ٹیموں کے کوچنگ سٹاف میں شامل 7 کوچز غیرملکی پرواز کے ذریعے دبئی سے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچ گئے، کھلاڑیوں کی آمد کے وقت ائرپورٹ پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ غیر ملکی کھلاڑیوں کو سخت سکیورٹی میں ہوٹل روانہ کیا گیا، ہوٹل میں کھلاڑیوں کا شاندار استقبال کیا گیا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے کھلاڑی روسو ڈومینیکا نے لاہور پہنچنے پر خوشی کا اظہار کیا اور اپنی ٹیم کو سپورٹ کرنے کی اپیل کی۔

پاکستان پہنچنے والے غیر ملکی کھلاڑیوں میں ڈیرن سیمی، ایون لوئس، لیئم ڈاسن، آندرے فلیچر، کرس جارڈن، کرس گرین، رکی ویسلز، لینڈل سیمنز، جون ڈینلی، روی بوپارا، تائمل ملز، کولن انگرام، ڈیوڈ وائزے اور محمود اللہ بھی شامل ہیں۔ ٹیموں کے کوچنگ سٹاف میں شامل میم آرتھر، سر ویون رچرڈز اور جولیئن فاونٹنو بھی غیر ملکی کھلاڑیوں کے ہمراہ پاکستان پہنچے۔

آج لاہور میں پی ایس ایل کا میلہ سج رہا ہے ، میچ کیلئے قذافی اسٹیڈیم کے اطراف سکیورٹی انتظامات مکمل کر لئے گئے، پولیس، ڈولفن، پیرو سمیت دیگر قانون نافذ کرنیوالے 18 ہزار سکیورٹی اہلکار فرائض سرانجام دینگے۔ ہیلی کاپٹر سے سرویلنس اور نہر میں کشتیوں سے بھی پٹرولنگ ہو گی۔ پاکستان سپر لیگ کیلئے تمام کھلاڑیوں کے 2 روٹس بنائے گئے ہیں۔ کوئی بھی ایک روٹ استعمال کرتے ہوئے کھلاڑیوں کو ہوٹل سے اسٹیڈیم اور وہاں سے واپس لایا جائے گا۔

سول سیکرٹریٹ میں کنٹرول روم قائم دن بھر صورتحال کو مانیٹر کرے گا۔ دوسرے اضلاع سے ڈی پی اوز بھی لاہور طلب کر لئے گئے جو سی سی پی او لاہور کے تحت کام کرینگے، شہریوں کو سٹیڈیم تک لانے کیلئے شٹل سروس کا بھی اہتما م کیا گیا ہے۔