انتظار کی گھڑیاں ختم، زندہ دلان کے شہر میں پھر کرکٹ کا میدان لگ گیا

Last Updated On 20 March,2018 04:31 pm

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل تھری) کا آر یا پار میچ آج کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور دفاعی چیمپئن پشاور زلمی کے درمیان کھیلا جائے گا۔ لیگ ٹو کی فائنلسٹ ٹیمیں لاہور ہی کے میدان میں ایک بار پھر مدِ مقابل ہوں گی۔

پاکستان سپر لیگ تھری کا پاکستان میں پہلا مقابلہ قذافی سٹیڈیم لاہور میں شام سات بجے شروع ہو گا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور دفاعی چیمپئن پشاور زلمی میں جوڑ پڑے گا۔ جو جیتا وہ سکندر کے مصداق جیتنے والے کو پھر کھیلنے کا موقع ملے گا۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں بارش کا امکان بھی ہے۔ اگر میچ نہ ہو سکا تو رن ریٹ پر فیصلہ ہو گا۔ دوسرے پلے آف میں کوالیفائر کراچی کنگز سے مقابلہ ہو گا۔ ہارنے والی ٹیم کی ایونٹ سے چھٹی ہو جائے گی۔
پی ایس ایل کیلئے پاکستان آنے والے غیر ملکی بھی پرجوش ہیں۔ کمنٹیٹر ایلن وِلکنز اور ڈیرن گنگا نے لاہور میں تاریخی عمارتوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے پاکستان کے لیجنڈ بلے باز ماجد خان سے خصوصی ملاقات کی اور اسے اپنے لیے باعث شرف قرار دیا۔

ادھر ٹیم کوئٹہ کے مینٹور ویوین رچڑدز نے پاکستان کو محفوظ ملک قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس بار بیگم کو ساتھ لائے ہیں جو پاکستان کے محفوظ ہونے کا ثبوت ہے۔ ویوین رچرڈز کا کہنا تھا پی ایس ایل فائنل اس بار کوئٹہ کی ٹیم ہی جیتے گی۔