سرفراز وکٹ کیپنگ اور بیٹنگ کے اعتبار سے میچ وننگ ہیں: مکی آرتھر

Last Updated On 08 February,2019 03:18 pm

لاہور: (دنیا نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا ہے کپتان سرفراز وکٹ کیپنگ اور بیٹنگ کے اعتبار سے میچ وننگ ہیں، امید ہے محمد عامر ورلڈ کپ میں کچھ بڑا کر کے دکھائیں گے، ورلڈ کپ کے بعد بھی پاکستان کرکٹ ٹیم کیساتھ کام کرنے کو تیار ہوں۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے لاہور میں نیوز کانفرنس کی، ان کا کہنا تھا کہ سرفرا ز احمد کی پرفارمنس پریشان کن نہیں، وہ وکٹ کیپنگ اور بیٹنگ کے اعتبار سے میچ ونر ہیں، سرفراز کسی بھی نمبر اور دباؤ میں بلے بازی کر سکتے ہیں۔

ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ 2019 میں پاکستان ٹیم کی بولنگ لائن اپ اصل ہتھیار ہوگی، چھٹی حس کہتی ہے کہ محمد عامر ورلڈ کپ میں کچھ بڑا کرے گا وہ مشکل حالات میں خود بالنگ مانگتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ بطور کوچ ورلڈ کپ کے بعد بھی ٹیم کے ساتھ کام کرنا چاہتا ہوں، کبھی کبھار کھلاڑی کو ڈانٹنا، انکی بہتری کے لئے ہوتا ہے، اس پر معافی نہیں مانگوں گا، ڈریسنگ روم کی باتیں میڈیا پر آنا بھی برداشت نہیں کروں گا۔