پی ایس ایل فور، ملتان سلطانز اور اسلام آباد یونائیٹڈ آج میدان میں اتریں گی

Last Updated On 26 February,2019 02:44 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پی ایس ایل فور میں آج سے پھر کرکٹ میلہ شروع ہو گا، ٹیمیں ایک دن آرام کے بعد دبئی میں اِن ایکشن ہوں گی، واحد مقابلہ ملتان سلطانز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان ہو گا۔

لیگ فور کی رونقیں دبئی سے شارجہ اور اب پھر دبئی میں آ گئیں، ٹیمیں ایک روزہ آرام کے بعد آج پھر ایکشن میں نظر آئیں گی۔ آج واحد میچ ملتان سلطانز اور دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان شیڈول ہے جو رات نو بجے شروع ہو گا۔

کھلاڑیوں کی تیاریاں مکمل اور ٹیم پلان بھی فائنل ہو گیا۔ کپتان شعیب ملک کو اپنے سلطانز پر مان ہے، نوجوان اوپنر عمر صدیق، بوم بوم آفریدی اور محمد عرفان ٹیم کی جان ہوں گے۔ دبئی میں ہی کھیلے گئے چوتھے میچ میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف پانچ وکٹ کی فتح سمیٹی تھی۔

ادھر دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کی بھی جیت پر نظریں ہیں، ہیٹ ٹرک میکر محمد سمیع مزید وکٹیں اڑانے کے لیے بے تاب ہیں۔ خطرناک اوپنر لیوک رونکی نے بھی آستینیں چڑھا لیں، ایک دن انتظار کے بعد کرکٹ دیوانے زور کا جوڑ دیکھنے کے لیے بے قرار ہیں۔