کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اوپنر شین واٹسن کا پاکستان آنے کا اعلان

Last Updated On 06 March,2019 12:49 pm

ابوظہبی: (دنیا) پی ایس ایل فور کیلئے آئندہ ہونے والے تمام میچ متحدہ عرب امارات سے پاکستان منتقل کر دیئے گئے ہیں جس کیلئے کچھ غیر ملکی کھلاڑیوں نے پاکستان آنے سے انکار کیا تھا تاہم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اوپنر شین واٹسن نے پاکستان آنے کا اعلان کر دیا ہے۔

ماضی میں سب سے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو غیر ملکی کھلاڑیوں کے پاکستان نہ آنے کا سب سے زیادہ نقصان اٹھانا پڑا تھا تاہم اب صورتحال کچھ مختلف ہے۔ اس مرتبہ اوپنر شین واٹسن پاکستان آ رہے ہیں اور صرف یہی نہیں، رائلے روُسو، ڈوائین براوو اور فواد احمد بھی پاکستان آنے کے لیے تیار ہیں۔

بھارت کی جانب سے پاکستان پر دہشتگردی کے الزامات کوئی نئی بات نہیں، تاہم گزشتہ ماہ کی 26 تاریخ کو پاکستان پر کئے گئے نام نہاد بھارتی حملے کا جھوٹ اور اگلے دن پاکستانی فضائیہ کی جانب سے 2 بھارتی طیارے گرانے اور ایک پائلٹ ابھی نندن کی گرفتاری پر بھارتی میڈیا کے جھوٹ در جھوٹ کی پالیسی نے دنیا کے سامنے بھارت کا کچا چھٹا کھول دیا۔ اب صورتحال یہ ہے کہ عالمی سطح پر بھارت کا موقف تسلیم ہی نہیں کیا جا رہا لہذا پاکستان کے خلاف منفی پروپیگنڈے کی فضا چھٹتے ہی بہت سے غیرملکی کرکٹرز نے پاکستان آنے کا اعلان کر دیا ہے۔