کوہلی کا دباؤ کام کر گیا، روی شاستری بھارتی کوچ کے عہدے پر برقرار

Last Updated On 18 August,2019 04:03 pm

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارتی کپتان ویرات کوہلی کا دباؤ کام کر گیا، سلیکشن کمیٹی نے کوچ روی شاستری کے عہدے کو برقرار رکھتے ہوئے انہیں مزید 2 سال کے لیے کوچنگ کی ذمہ سونپ دی گئی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی ٹیم کے کوچ روی شاستری اپنی ذمہ داریاں نبھاتے رہیں گے، اس عہدے کے لیے بھارتی ٹیم کے سابق آل راؤنڈر رابن سنگھ اور لال چند راجپوت نے بھی درخواست دی ہوئی تھی جنہیں مسترد کر دیا گیا ہے۔

کرکٹ ایڈوائزر کمیٹی میں شامل سابق کپتان کپل دیو کا کہنا ہے کہ روی شاستری دو سال سے ٹیم کے ساتھ ہیں اور ٹیم کی کارکردگی بھی بہتر ہوئی ہے، اسی لیے ان کو عہدے پر برقرار رکھا ہے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق ان کی اگلی ذمہ داری آئندہ ماہ جنوبی افریقہ ٹیم کیساتھ کھیلی جانے والی سیریز ہے۔ جہاں پروٹیز ٹیم نے بھارت کیساتھ تین ون ڈے اور تین ٹیسٹ میچ کھیلنے ہیں۔

یاد رہے کہ ورلڈکپ کے دوران بھارتی ٹیم کے سابق کھلاڑی اور موجودہ کوچ روی شاستری کا کنٹریکٹ ختم ہو گیا تھا۔ بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے سلیکشن کمیٹی کو کہا تھا کہ موجودہ کوچ کو عہدے پر برقرار رکھا جائے اور ان کی مدت میں توسیع کی جائے،اس سے قبل ویرات کوہلی اور انیل کمبلے کے آپسی اختلافات کی وجہ سے کمبلے کو کوچ کے عہدے سے استعفی دینا پڑا تھا۔