راشد لطیف کو ٹیم میں معیاری لیگ سپنرز کی کمی ستانے لگی

Last Updated On 10 September,2019 06:20 pm

کراچی: (سپورٹس رپورٹر) سابق کپتان راشد لطیف نے کہا ہے کہ بہت زیادہ نوجوان کھلاڑی ہیں لیکن اندرونی سیاست کی وجہ سے گروم نہیں کیا جاتا، ایسے ٹیلنٹڈ ڈومیسٹک کھلاڑیوں کو موقع دیا جائے جو کارکردگی دکھا سکتے ہیں۔

گزشتہ روز میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل سطح پر پاکستان کرکٹ میں معیاری لیگ سپنرز کی شدید کمی نظر آتی ہے۔ راشد لطیف کا کہنا تھا کہ شاداب خان اور یاسر شاہ کے بعد اچھے لیگ سپنرز منظر عام پر نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جو لیگ سپنرز ہیں ان کی جانب سے غیر معمولی کارکردگی پیش نہیں کی جا رہی۔ ایسا نہیں کہ ٹیلنٹ نہیں ہے بہت زیادہ با صلاحیت نوجوان کھلاڑی ہیں لیکن اندرونی سیاست کی وجہ سے انہیں گروم نہیں کیا جاتا اور نہ ہی پاکستان ٹیم میں آنے کا موقع دیا جاتا ہے۔

سابق کپتان کا کہنا تھا کہ ڈومیسٹک کرکٹ کیلئے ایسے ٹیلنٹڈ کھلاڑیوں کو موقع فراہم کیا ہے جو بہتر کارکردگی دکھا سکتے ہیں۔ مجھے امید ہے کہ وہ اس سیزن میں ہماری توقعات پر پورا اتریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ محمد زاہد اور شاہ زیب دو ایسے لیگ سپنرز ہیں جن کی سو سے زائد وکٹیں ہیں لیکن انہیں پی سی بی میں بہت زیادہ اندرونی سیاست کی وجہ سے موقع نہیں مل رہا۔
 

Advertisement