ٹیم کو تھوڑا وقت دیں تو کارکردگی میں بہتری آئیگی: مصباح الحق

Last Updated On 07 October,2019 10:56 pm

لاہور: (دنیا نیوز) قومی ٹیم کے کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق کا کہنا ہے کہ ہار کبھی بھی اچھی نہیں ہوتی۔ تھوڑا وقت دیں تو کارکردگی میں بہتری آئے گی۔

میچ کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہار کسی کو بھی پسند نہیں، ہمیں ٹیم کی کارکردگی میں بہت غلطیاں دکھائی دیں، ٹیم نے ٹی ٹونٹی سیریز میں بہت اچھا کھیلا ہے۔

پریس کانفرنس کے دوران قومی ٹیم کے کوچ اور چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ مڈل آرڈر بیٹسمین عمر اکمل اور اوپنر احمد شہزاد کی ڈومیسٹک میں اچھی کارکردگی رہی، جو کھلاڑی ٹیم سے باہر رہ کر پرفارم کرتا اسکو موقع ملا۔

مصباح الحق کا کہنا تھا کہ ہم سیریز ہار گئے ہیں اور میں اس کی ذمہ داری قبول کرتا ہوں اور اس کا جواب دہ ہوں، بیٹنگ اور باؤلنگ دونوں شعبوں میں کمزوریاں دکھائی دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے لیے ضروری ہے کہ ہم اپنی غلطیوں سے سیکھیں، شاداب خان کچھ عرصہ سے پرفارم نہیں کررہے، میری بطور چیف سلیکٹر پہلی سیریز ہے، تھوڑا وقت دیں گے تو کارکردگی میں بہتری آئے گی۔

کوچ کا مزید کہنا تھا کہ ٹیم کو جس کھلاڑی کی ضرورت ہوگی اس کو موقع دینگے۔ ہمارے مین پلئیرز نے آج اچھا نہیں کھیلا ہے۔

اسی دوران پریس کانفرنس کرتے ہوئے سری لنکن کھلاڑی بنوکا راجہ پکسا کا کہنا تھا کہ سیریز سے قبل جیت کی امید لے کر آئے تھے، سیریز جیت کر بہت خوشی ہو رہی ہے، اپنی بیٹنگ کو بہتر کرنے کیلئے بہت محنت کی، میں صرف ٹی ٹونٹی نہیں بلکہ تمام فارمیٹ میں کھیلنا چاہتا ہوں، میری سلیکشن کا فیصلہ سلیکٹرز نے کرنا ہے، لاہور میں سیریز کھیل کر بہت اچھا لگا۔