فاسٹ باؤلر حسن علی کمر درد سے تاحال چھٹکارا نہ پا سکے

Last Updated On 25 November,2019 05:37 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر حسن علی کی کمر درد سے تاحال دور نہ ہو سکی جس کے بعد فٹنس مسائل ختم ہونے کا نام نہیں لے رہے۔ وہ قائد اعظم ٹرافی کے راؤنڈ میچ میں بھی شامل نہیں۔

تفصیلات کے مطابق حسن علی کا فٹنس حاصل کرنے کے لیے ری ہیب کا عمل طویل ہوتا جا رہا ہے جس کی وجہ سے قائداعظم ٹرافی کے راؤنڈ میچ میں کے پی کے کیخلاف سینٹرل پنجاب کی نمائندگی نہیں کر رہے۔

واضح رہے کہ حسن علی ستمبر میں کمر کی تکلیف کا شکار ہوئے اور سری لنکا کے خلاف ہوم سیریز جب کہ دورہ آسٹریلیا کے لیے قومی ٹیم میں شامل نہ ہو سکے۔

ان دنوں فاسٹ باؤلر نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں میڈیکل سٹاف کی نگرانی میں ری ہیب میں بھی حصہ لیا لیکن باؤلر کمر کی تکلیف سے چھٹکارا پاکر 100 فیصد فٹ نہیں ہو سکے اور یہی وجہ ہے کہ کراچی میں شروع ہونے والے قائداعظم ٹرافی کے راؤنڈ میچ میں بھی شریک نہیں ہوسکے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق حسن علی نے سینٹرل پنجاب کی ٹیم کو جوائن کر لیا ہے لیکن ابھی مکمل فٹ نہیں ہیں، ٹیم کے فزیو کے ساتھ وہ ری ہیب کر رہے ہیں اور امکان ہے کہ 100 فیصد فٹنس کے بعد وہ آئندہ میچز کے لیے دستیاب ہوں گے۔