ٹیم سے نظر انداز فواد عالم کی ڈومیسٹک کرکٹ میں ایک اور ڈبل سنچری

Last Updated On 27 November,2019 06:31 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) قومی ٹیم میں عرصہ دراز سے ہونے والے بیٹسمین فواد عالم نے ڈومیسٹک کرکٹ کے دوران ڈبل سنچری داغ کو چیف سلیکٹر کے دروازے پر ایک بار پھر دستک دیدی۔

تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے لیفٹ ہینڈ بیٹسمین نے ڈومیسٹک کرکٹ میں قائداعظم ٹرافی میچ کے دوران ڈبل سنچری جڑنے کے ساتھ ایک اور بڑا اعزاز اپنے نام کر لیا۔ ٹیسٹ کرکٹر نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں 12 ہزار رنز کا سنگ میل عبور کر لیا۔ فواد نے قائد اعظم ٹرافی میں سندھ کی نمائندگی کرتے ہوئے سدرن پنجاب کے خلاف ڈبل سنچری اسکور کی۔

ڈومیسٹک کرکٹ میں فواد عالم کی ڈبل سنچریوں کی تعداد چار ہوگئی، رواں سیزن میں ان کی پہلی ڈبل سنچری ہے، اس کے علاوہ انہوں ںے دو سنچریاں بھی اسی سیزن میں کی ہیں۔

فواد عالم 164 فرسٹ کلاس میچوں میں 32 سنچریاں اسکور کرچکے ہیں جبکہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ان کی سنچریوں کی تعداد 7 ہوگئی ہے۔

ڈومیسٹک کرکٹ میں کارکردگی دکھانے کے باوجود فواد عالم کو مسلسل نظر انداز کیا جارہا ہے، سابق کھلاڑی بھی فواد عالم کو ٹیسٹ ٹیم میں شامل کرنے کا بارہا مطالبہ کرچکے ہیں۔

یاد رہے کہ فواد عالم نے پاکستان کی جانب سے اپنا آخری ٹیسٹ میچ 10 سال قبل کھیلا تھا جبکہ آخری ون ڈے انہوں نے 2015 میں کھیلا تھا۔

واضح رہے کہ فواد عالم نے تین ٹیسٹ میچز میں 41.66 کی اوسط سے 250 رنز سکور کیے ہیں جبکہ 38 ون ڈے میچز میں 40.25 کی اوسط سے 966 رنز بنارکھے ہیں۔