ویمن سیریز: انگلینڈ نے پاکستان کو پہلا ون ڈے میچ ہرا دیا

Last Updated On 09 December,2019 05:21 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) ویمن سیریز کے پہلے ون ڈے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 75 رنز سے ہرا دیا۔ ڈانی ویٹ میچ کی بہترین کھلاڑی قرار پائیں۔

تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کی طرف سے بیومنٹ اور ویٹ نے اننگز کا آغاز کیا۔ دونوں نے شروع سے ہی جارحانہ انداز میں بیٹنگ کی اور پاکستانی باؤلرز کو بے بس کر دیا۔ دونوں ویمن کھلاڑیوں کے درمیان ریکارڈ پارٹنر شپ بنی۔

 انگلینڈ کو پہلا نقصان 188 رنز پر ڈینی ویٹ کی صورت میں اٹھانا پڑا جنہوں نے 95 گیندوں پر 110 رنز کی جارحانہ باری کھیلی۔ ان کی اس اننگز میں 12 چوکے اور تین چھکے شامل تھے، اس کے بعد بیومنٹ اور کپتان نائب نے سکور آگے بڑھایا۔ دونوں کے درمیان 60 رنز کی پارٹنر شپ بنی۔

45 ویں اوورز میں 248 رنز کے مجموعی سکور پر بیومنٹ 107 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں انہوں نے بیٹنگ کے دوران 9 چوکے لگائے، انگلینڈ کی دیگر بیٹسویمن کھلاڑیوں میں کوئی زیادہ بڑی اننگز نہ کھیل سکا اور ٹیم نے 50 اوورز میں 284 رنز بنائے۔ رمین شمیم نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

 

ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کا آغاز مایوس کن تھا، ناہیدہ خان اور سدرہ امین نے 5 کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ گئیں۔ ناہیدہ نے 4، سدرہ نے 1 رنز بنائے۔ جویریہ خان 19 رنز بنا کر کراس کی گیند پر بولڈ ہو گئیں۔

کپتان بسمہ معروف نے مزاحمتی اننگز کھیلی اور سکور آگے بڑھایا تاہم دیگر کوئی بھی بیٹسویمن ساتھ نہ دے سکیں اور قومی ٹیم کی وکٹیں گرتی رہیں۔

کپتان 69 جبکہ عالیہ ریاض 39 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ قومی ٹیم 209 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ کراس نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ ڈانی ویٹ میچ کی بہترین کھلاڑی قرار پائیں۔