کورونا وائرس: پاکستانی سابق فرسٹ کلاس کرکٹر ظفر سرفراز جاں بحق، پی سی بی کا اظہار افسوس

Last Updated On 14 April,2020 04:55 pm

پشاور: (دنیا نیوز) دنیا میں کورونا وائرس سے پہلے کرکٹر کی موت ہو گئی ہے اور پاکستان کے سابق فرسٹ کلاس کرکٹر ظفر سرفراز کورونا وائرس کا شکار ہو کر جاں بحق ہو گئے ہیں، پاکستان کرکٹ بورڈ نے ان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ظفر سرفراز میں کورونا وائرس کی علامات ظاہر ہوئی تھیں جس کے بعد انہیں 7 اپریل کو پشاور کے لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔

لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے ترجمان نے ظفر سرفراز کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں 7 اپریل کو ہسپتال میں داخل کرایا گیا اور حالت خراب ہونے پر انہیں آئی سی یو میں منتقل کردیا گیا تھا۔ سابق کرکٹر کئی دن سے وینٹی لیٹر پر تھے اور وائرس کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کر گئے۔

30 اکتوبر 1969 کو پیدا ہونے والے ظفر سرفراز نے کبھی بھی پاکستان کی نمائندگی نہیں کی تھی لیکن 50 سالہ کرکٹر کو 15 فرسٹ کلاس اور 6 لسٹ اے میچز کھیلنے کا اعزاز حاصل تھا۔

واضح رہے کہ ظفر سرفراز کورونا وائرس سے دنیا بھر میں ہلاک ہونے والے پہلے کرکٹر ہیں۔

دوسری طرف پاکستان کرکٹ بورڈ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ کورونا وائرس کے باعث سابق کرکٹر ظفر سرفراز کے انتقال پر افسوس ہوا۔