سلیم ملک کا ایک اور چھکا، پی سی بی حکام کی خاموشی پر آئی سی سی سے رابطہ کا اعلان

Last Updated On 12 May,2020 04:14 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سلیم ملک کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) انہیں انصاف نہیں دیتا تو وہ سب کچھ سامنے لے آئیں گے۔

فکسنگ ایشو اچھلنے کے بعد پی سی سی سے رابطے پر سلیم ملک کا کہنا ہے کہ باربار رابطے کے باوجود پی سی بی کی طرف سے کوئی جواب نہیں مل رہا۔ اگر پی سی بی نے انصاف نہ دیا تو میرے پاس آئی سی سی میں جانے کا راستہ کھلا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر بورڈ انصاف نہیں دیتا تو میں سب کچھ سامنے لاؤں گا۔ میں کسی کے خلاف نہیں ہوں اور نہ ہی میں نے کبھی کسی کا نام لیا ہے۔ شروع سے کہتا آرہا ہوں کہ جسٹس قیوم کی رپورٹ پڑھیں۔ اب لوگوں نے یہ رپورٹ پڑھی ہے تو سمجھ آئی ہے۔

وسیم اکرم سے متعلق سلیم ملک کا کہنا تھا کہ سابق فاسٹ باؤلر نے کبھی مجھ سے کچھ سیکھنے یا پوچھنے کی خواہش نہیں کی، اس لیے میں نے بھی خود سے انہیں کچھ بتایا نہیں۔ شروع سے عادت رہی ہے کہ جب تک خود کوئی مشورہ نہ مانگے بلاوجہ اور بنا پوچھے کسی کو مشورہ نہیں دیتا۔

انہوں نے شکوہ کیا کہ میرے بیٹے شافع ملک کو اچھی کارکردگی کے باوجود میری وجہ سے نشانہ بنایا جانا افسوسناک ہے۔ میرے بارے میں پی سی بی کے پاس کچھ تھا تو میں 8 سال کیس لڑا ہوں عدالت میں پیش کرتے۔

سابق کپتان نے واضح کیا کہ کرکٹ کے دروازے بند ہونے کے بعد کاروبار کر کے بڑی اچھی زندگی گزار رہا ہوں۔ لوگ سمجھ رہے ہیں کہ شاید سلیکٹر یا ٹیم کی کوچنگ کی طرف آنا چاہتا ہوں، ایسا بالکل نہیں ہے، میں اکیڈمی کی سطح پر نوجوان کرکٹرز کی کوچنگ کرکے پاکستان کرکٹ کی خدمت کرنا چاہتا ہوں۔
 

Advertisement