دورہ انگلینڈ: قومی کرکٹرز اور ٹیم آفیشلز نے کورونا ٹیسٹ کے سیمپل دے دیئے

Last Updated On 22 June,2020 04:13 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے دورہ انگلینڈ کے لیے قومی کرکٹرز کی پہلی کووڈ 19 ٹیسٹنگ مکمل کر لی گئی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستانی کرکٹ ٹیم نے آئندہ ماہ دورہ انگلینڈ کے لیے روانہ ہونا ہے، اس دوران وہاں پر تین ٹیسٹ اور تین ٹی ٹونٹی میچز کھیلنا ہے جس کے لیے قومی ٹیم کے سکواڈ کا اعلان کیا گیا ہے۔

قومی ٹیم کے انگلینڈ سے روانگی سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے قومی کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ لینے کا فیصلہ کیا تھا، جس کے لیے پہلے مرحلے کے دوران ٹیسٹنگ مکمل کر لی گئی ہے۔

پی سی بی کے مطابق 28 کھلاڑیوں اور ٹیم آفیشلز نے کورونا ٹیسٹ کے لئے سیمپل دے دیے، کھلاڑیوں کے ٹیسٹ لاہور، کراچی، راولپنڈی اور پشاور میں لیے گئے۔

کھلاڑیوں کے آج لیے گئے کووڈ 19 ٹیسٹ کی رپورٹ 24 جون کو آئے گی، شعیب ملک کا کووڈ 19 ٹیسٹ بعد میں لیا جائے گا۔ ٹیسٹ کلیئر ہونے کی صورت میں کھلاڑی 25 جون کو لاہور پہنچیں گے۔

یاد رہے کہ قومی ٹیم 28 جون کو انگلینڈ روانہ ہو گی، انگلینڈ جانے سے قبل کھلاڑیوں کے دوسری بار کووڈ 19 ٹیسٹنگ 25 جون کو ہو گی۔

بورڈ کے مطابق فاسٹ باؤلر عثمان شنواری، حارث روف نے اسلام آباد میں سپمپل دیدیا، حیدر علی، شاداب خان اور عماد وسیم نے بھی کووڈ 19 ٹیسٹ سیمپل دیدیا، پشاور میں عمران خان، افتخار احمد، خوشدل شاہ، محمد رضوان کا کورونا ٹیسٹ ہوگیا، فخر زمان، شاہین شاہ آفریدی اور یاسر شاہ نے بھی پشاور میں کورونا ٹیسٹ دیا

نیشنل سٹیڈیم کراچی میں قائم حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر میں 7 کھلاڑیوں نے دورہ انگلینڈ کے لیے کورونا ٹیسٹ دیے، ان میں سابق ٹیسٹ کپتان سرفراز احمد، اسد شفیق، فواد عالم، سہیل خان، شان مسعود، محمد حسنین اور کاشف بھٹی شامل تھے۔

دورہ انگلینڈ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ اور سابق ٹیسٹ کپتان یونس خان بھی کورونا ٹیسٹ دینے کے لیے سٹیڈیم پہنچے، سٹیڈیم میں داخلے سے قبل کھلاڑیوں اور یونس خان کا درجہ حرارت بھی جانچا گیا۔

ٹیسٹ کے موقع پر پی سی بی کے فزیو ڈاکٹر امتیاز خان اور اور ایچ پی سی کے سعد بھی معاونت کے لیے موجود تھے،حفاظتی تدابیر کے وجہ سے میڈیا کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت نہیں دی گئی،انگلینڈ روانگی سے قبل دوسرا کورونا ٹیسٹ 25 جون کو طے ہے۔
 

Advertisement