خوشدل شاہ کی طوفانی سنچری، سدرن پنجاب نے سندھ کیخلاف رنز کا پہاڑ سر کر لیا

Published On 09 October,2020 11:27 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) راولپنڈی میں ہونے والے نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے دوسرے مرحلے کے دوران 16 ویں میچ میں خوشدل شاہ نے ڈومیسٹک کرکٹ کا ریکارڈ بناتے ہوئے 35 گیندوں پر سنچری جڑ دی، سدرن پنجاب نے سندھ کیخلاف رنز کا پہاڑ سر کر لیا۔ خرم منظور کی تھری فیگر اننگز رائیگاں گئی۔

تفصیلات کے مطابق سندھ نے پہلے کھیلتے ہوئے 216 رنز بنائے، خرم منظور نے اپنے کیریئر کی چوتھی جبکہ ایونٹ کی دوسری سنچری بنائی انہوں نے 58 گیندوں پر 108 سکور کی باری کھیلی، اسد شفیق نے 59، اعظم خان 12، شرجیل خان 11 اور انور علی نے 16 رنز بنائے۔ محمد الیاس نے دو شکار کیے۔

سدرن پنجاب نے ہدف آخری اوورز میں حاصل کر لیا، پہلے چار وکٹیں گرنے کے بعد مڈل آرڈر بیٹسمین خوش دل شاہ اور آل راؤنڈر حسین طلعت نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے حریف باؤلرز کو بے بس کر دیا۔

مڈل آرڈر بیٹسمین خوش دل شاہ 36 گیندوں پر جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 100 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ یہ پاکستانی ڈومیسٹک کرکٹ میں تیز ترین سنچری تھی۔

حسین طلعت نے 62 سکور کی زبردست اننگز کھیلی، دیگر کھلاڑیوں میں شان مسعود 12، ذیشان اشرف 4، عمر صدیق 13، صہیب مقصود 2، عامر یامین 2، محمد الیاس 1 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

 سدرن پنجاب نے ہدف آخری اوورز میں حاصل کر لیا۔ انور علی نے 4، حسان خان، میر حمزہ اور سہیل خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔