پی ایس ایل فائیو، چار ٹیمیں کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کل سے آمنے سامنے ہونگی

Published On 13 November,2020 11:48 am

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان سپر لیگ 2020 کی ٹرافی کی جنگ کل سے چار ٹیموں کے درمیان کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں شروع ہو گی، فائنل میچ 17نومبر کو کھیلا جائے گا۔

کون ہوگا پی ایس ایل فائیو کا چمپئین، فیصلے کے لئے کراچی میں میدان سج گیا۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کل سے چار ٹیموں کا سخت امتحان شروع ہو گا۔

ملتان سلطان، کراچی کنگز، لاہور قلندرز اور پشاور زلمی نے شہر قائد میں ڈیرے ڈال رکھے ہیں، پریکٹس بھی بھر پور انداز میں جاری ہے۔ نیٹ پریکٹس کے ساتھ پریکٹس میچز بھی کھیلے گئے جس میں ایک دوسرے کی خامیاں جانچنے کا موقع ملا۔

چودہ نومبر کو دو میچز کھیلے جائیں گے، پہلا میچ ملتان سلطان اور کراچی کنگز کے درمیان دوپہر تین بجے ہوگا جس کا ٹاس ڈھائی بجے ہوگا۔ دوسرا میچ اسی روز رات 8 بجے لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کے درمیان کھیلا جائے گا، ٹاس ساڑھے سات بجے ہو گا۔