پی ایس ایل: بریتھویٹ اور ثاقب محمود پشاور زلمی کو چیمپئن بنانے کیلئے پر عزم

Published On 12 November,2020 05:30 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) 2016ء میں ویسٹ انڈیز کو ورلڈ ٹی ٹونٹی چیمپئن بنانے والے کارلوس بریتھ ویٹ اور انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے فاسٹ باؤلر ثاقب محمود پشاور زلمی کو پی ایس ایل فائیو کا چمپیئن بنانے کےلیے پرعزم ہیں۔

ایک اںٹرویو میں ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے بریتھ ویٹ کا کہنا تھا کہ میرے لئے پشاور زلمی سے ایک بار پھر منسلک ہونا بہترین ہے، زلمی ٹیم فیملی کی طرح ہے۔

انہوں نے کہا کہ کرکٹ ہمارا جنون ہے، خوشی ہے کہ کرکٹ کھیلنے کا موقع مل رہا ہے،پشاور زلمی اور پاکستانی شائقین کرکٹ کو اپنے کھیل سے محظوظ کرنا چاہتے ہیں۔

کیریبین کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ میری پوری توجہ پی ایس ایل 5 کے ٹائٹل پر ہے، ہم 3 میچز جیت کر ٹائٹل جیتنے کے لیے پرامید ہیں، موجودہ صورتحال میں پی ایس ایل پلے آف کا ہونا اور پاکستان آنا باعث خوشی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: فتح کیلئے سو فیصد کارکردگی دکھانا ہو گی: وہاب ریاض، لاہور کا ٹیم کمبی نیشن بہترین: سہیل اختر

ویسٹ انڈین آل راؤنڈر کا کہنا ہے کہ کوویڈ 19 کے دور میں اپنے کھیل سے پاکستانی شائقین کرکٹ کے چہروں پر مسکراہٹ لانا باعث خوشی ہوگا، پاکستانی فینز سے درخواست کروں گا کہ کویڈ19سے بچاؤ کے لیے بہت احتیاط کریں۔

یاد رہے کہ کارلوس بریتھ ویٹ نے ورلڈ ٹی ٹوئٹی کپ 2016 کے فائنل میں انگلینڈ کو آخری اوور میں 4 گیندوں پر 4 چھکے لگا کر ویسٹ انڈیز کو جتوانے میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔

دوسری طرف پشاور زلمی کی نمائندگی کیلئے انگلش فاسٹ باﺅلر ثاقب محمود نے کہا ہے کہ میں اپنی ٹیم کو ٹائٹل جتواناچاہتا ہوں۔ 10 سال بعد پاکستان آ کر بہت خوشی محسوس ہورہی ہے کیونکہ میرے خاندان کا تعلق ضلع اٹک سے ہے اور فیملی کے بیشتر اراکین پشاور زلمی کے سپورٹرز ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے زلمی اور لیگ کی بابت ساتھی کھلاڑیوں لائم ڈاسن، کرس جارڈن، ٹام بینٹن اور دیگر نے کافی کچھ بتایا ہے، ہماری ٹیم میں شامل وہاب ریاض اور حسن علی بہترین فاسٹ باﺅلرز اور حیدر علی باصلاحیت نوجوان بیٹسمین ہے، میں جانتا ہوں کہ بہت سے پاکستانی شائقین نے مجھے باﺅلنگ کرتے نہیں دیکھا ہو گا، میں اپنی پرفارمنس سے زلمی کو چیمپئن بنوانا چاہوں گا۔

Advertisement