راولپنڈی: آن لائن ٹیکسی روزگار سے وابستہ ایک اور نوجوان ڈرائیور قتل

Last Updated On 13 March,2018 07:56 pm

آن لائن ٹیکسی کو روزگار کا ذریعہ بنانے والے ضلع بھکر کے رہائشی سجاول نے رات دس بجکر پینتیس منٹ پر آخری رائیڈ لی۔ راولپنڈی کے علاقے ڈھوک لکھو پہنچنے پر گاڑی میں سوار افراد نے گاڑی چھیننے کی کوشش کی۔ مزاحمت پر گولیوں سے چھلنی کر کے سڑک پر پھینک دیا۔ تھانہ نصیر آباد پولیس کے مطابق ڈرائیور سجاول کو مقامی افراد نے زخمی حالت میں ہسپتال پہنچایا لیکن جانبر نہ ہو سکا۔

قاتل جائےِ واردت سے کچھ فاصلے پر گاڑی بھی چھوڑ کر فرار ہو گئے۔ پولیس نے دوست کی مدعیت میں قتل کا مقدمہ درج کر کے گاڑی تحویل میں لے لی جبکہ مقتول سجاول کی آبائی علاقے بھکر میں تدفین کر دی گئی ہے۔ دو ہفتے قبل بھی تھانہ گولڑہ کی حدود میں ہی آن لائن ٹیکسی کے کپتان کو قتل کر دیا گیا تھا جس کے قاتل کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔