لاہور: زہریلی چیز کھانے سے تین بچے جاں بحق

Last Updated On 26 March,2018 08:52 pm

لاہور کے علاقہ مناواں میں افسوسناک واقعہ، زہریلی چیز کھانے سے ایک ہی گھر کے 3 بچے جاں بحق، گھر والوں نے سروسز ہسپتال منتقل کیا، جہاں انہیں طبی امداد دی گئی، لیکن تینوں بچے جانبر نہ ہو سکے۔ زہریلی چیز کھانے سے جاں بحق ہونے والوں میں 10سالہ حسیب، 7سالہ طیب اور 3سالہ علیشہ شامل ہیں۔ والدہ نے بچوں کے زہریلی شے کھانے سے متعلق لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔

اطلاع ملنے پر ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل سروسز ہسپتال پہنچے۔ ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی طور پر ٹافیاں کھانے سے بچوں کی حالت خراب ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔ علاقے کی تمام دکانوں سے سیمپل لیے جارہے ہیں، جبکہ ٹیکنیکل ٹیم بھی تشکیل دیدی گئی ہے، جو میڈیکل اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کی روشنی میں تحقیقات کرے گی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ ملنے کے بعد ہی موت کی وجوہات کا تعین کیا جاسکے گا۔ تاہم واقعے کی مختلف پہلوؤں پر تحقیقات کی جارہی ہیں۔