احسن اقبال پر حملے میں استعمال پستول بغیر لائسنس نکلا

Last Updated On 10 May,2018 03:41 pm

لاہور(مدثر حسین سے )وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال پر حملے میں استعمال ہونے والا پستول بغیر لائسنس کا نکلا ۔ عابد نے اپنے ایک دوست کاشف سے پستول 3ہزار میں خریدا تھا اور گولیاں بھی کاشف سے لی تھیں ۔ نارووال پولیس نے ابتدائی تفتیش کے بعد ملزم کا شف کو بھی جے آئی ٹی کے حوالے کردیا ۔

ذرائع کے مطابق پولیس نے ملزم عابد حسین سے ابتدائی تفتیش مکمل کر لی ہے اور اسکا بیان بھی ریکارڈ کر لیا ہے ۔ عابد نے جس سے پستول خریدا تھا اس کا بیان بھی قلمبند کرلیا گیا۔ جے آئی ٹی نے عابد حسین کے پیر کو بھی حراست میں لے لیا ہے جس کی وہ تقاریر سنتا تھا اور اس کے بیان سے متاثر ہو کر اس نے وفاقی وزیر پر حملہ کیا۔ ذرائع کے مطابق اس سے بھی پوچھ گچھ کی جا رہی ہے ۔

جبکہ جے آئی ٹی میں غلطی سے ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی رائے طاہر کا نام شامل ہونے کے بعد پنجاب حکومت نے جے آئی ٹی میں رائے طاہر کا نام تبدیل کرکے ایڈیشنل آئی جی فنانس محمد طاہر کا نام شامل کر دیا ہے ۔ ایڈیشنل آئی جی محمد طاہر جے آئی ٹی کے کنوینئر ہیں ۔