گوجرانوالہ ٹریفک پولیس کی غفلت سے کروڑوں روپے مالیت کی گاڑیاں تباہ

Last Updated On 09 September,2018 06:58 pm

گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) گوجرانوالہ ٹریفک پولیس کی غفلت اور لاپرواہی کے باعث کروڑوں روپے مالیت کی سینکڑوں موٹر سائیکلیں، ہیوی بائیک اور کاریں کباڑ بن گئیں، وارڈنز پرائیویٹ موٹر سائیکلوں پر ڈیوٹی سرانجام دینے لگے۔

پنجاب حکومت کی جانب سے گوجرانوالہ ٹریفک پولیس کو 25 ہیوی بائیک، 2 سو موٹرسائیکل اور 8 کاریں فراہم کی تھیں جو کہ ٹریفک پولیس کی لاپرواہی اور وقت پر مینٹی نینس نہ ہونے کی وجہ سے کھٹارہ بن چکی ہیں۔ ٹریفک پولیس حکام کی جانب سے متعدد بار نئی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی فراہمی کے لیے پرپوزل بھجوایا گیا لیکن کوئی عملدرآمد نہیں کیا جا رہا اور نہ ہی موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کی مینٹی نینس کے لیے وافر فنڈ دیا جاتا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ چالانوں کی مد میں سالانہ اکٹھا ہونے والے کروڑوں روپے کے فنڈ سے کچھ رقم موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں پر لگا کر ان کی حالت بہتر کی جاسکتی ہے۔