لاہور: غیر قانونی ذبح خانوں کیخلاف کریک ڈاؤن، 2 افراد گرفتار

Last Updated On 09 December,2018 10:43 pm

لاہور (آن لائن) پی ایف اے ویجیلنس اور میٹ سیفٹی ٹیموں کی رات گئے کاروائیاں، 2100 کلو گوشت، 71 ہزار انڈے برآمد ہوئے۔ بکر منڈی میں غیر قانونی ذبح خانے سے 2100 کلو ناقص گوشت برآمد کیا گیا۔

ڈی جی فوڈ پنجاب کیپٹن (ر) محمد عثمان نے کہا کہ سیل کیا گیا ذبح خانہ خود سے کھول کر بیمار اور لاغر جانوروں کا گوشت تیار کیا جا رہا تھا۔ فوڈ اتھارٹی کی سیل کو توڑنے والوں کے خلاف مقدمہ درج، 2 افراد موقع سے گرفتار۔ الخیرمیٹ شاپ کومضرصحت بیمار گوشت فروخت کرنے پر سیل کیا گیا۔ جگہ جگہ جانوروں کی باقیات، آلائشوں کے ڈھیر اور کیڑے مکوڑے پائے گئے۔ ویجیلنس ٹیم نے سپلائی چین کی ریکی کر کے غیر قانونی مذبح خانے کا سراغ لگایا۔ پکڑا گیا گوشت پیمکو کی بھٹی میں جلا کر تلف کر دیا گیا۔

رات گئے فوڈ اتھارٹی ٹیموں نے ہیچڑی سے خراب انڈوں کی بھاری مقدار برآمد کر لی۔ رات کے اندھیرے میں غیر قانونی ذبح خانوں میں بیمار جانوروں کو ذبح کیا جاتا تھا۔ویجیلینس ونگ کی ریکی کے بعد آپریشن ٹیموں نے ریاست ایگ سٹوریج سے71 ہزار خراب انڈے برآمد کیے۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ سنیکس کی تیاری میں ناقص آئل کے استعمال پر شکیل سنیکس فیکٹری کو سیل کیا گیا۔ نامکمل لیبلنگ، غیر معیاری سٹوریج اور صفائی کے ناقص انتظامات پر کارروائی کی گئی۔ عوام دشمن عناصر کے لیے کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں۔
 

Advertisement