پشاور: جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی، 25 افراد گرفتار

Last Updated On 09 December,2018 10:40 pm

پشاور: (آن لائن) منشیات سمگلر سمیت منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی میں 25 جرائم پیشہ افراد گرفتار، 26 کلو گرام چرس،2کلو گرام افیون، 4 عدد کلاشنکوف، 17 عدد پستول ، 4 عدد رائفل اور سینکڑوں عدد مختلف بور کے کارتوس بر آمد۔

کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے ضلع خیبر سے منشیات سمگل کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ ملزم موٹر کار کے ذریعے چرس پنجاب سمگل کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ ملزم کو مزید تفتیش کے لئے حوالات منتقل کر دیا گیا۔ ضلع بھر میں ہونے والی کارروائیوں کے دوران 6 منشیات فروش اور25 جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے 26 کلو گرام چرس،2کلو گرام افیون، 4 عدد کلاشنکوف، 17 عدد پستول ، 4 عدد رائفل اور سینکڑوں عدد مختلف بور کے کارتوس بر آمد کر لئے ہیں جبکہ 23 غیر رجسٹرڈ کرائے داروں کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ایس پی صدر ڈویژن صاحبزادہ سجاد کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ کسی بھی وقت چرس پنجاب سمگل کرنے کی کوشش کی جائے گی جس پر ایس پی صدر ڈویژن صاحبزادہ سجاد نے قبائلی ضلع خیبر سے متصل علاقوں میں داخل ہونے والے تمام راستوں کی نگرانی کرنے اور ناکہ بندیوں پر چیکنگ کا عمل سخت کرنے کی ہدایت کی جس کے دوران ایس آئی زاہد خان دیگر نفری پولیس کے ہمراہ رنگ روڈ ناکہ بندی پر موجود تھے کہ اس دوران ایک مشکوک موٹر کار نمبر STG-2808 کو روک کر تلاشی لینے پر گاڑی کے خفیہ خانوں سے 10کلو گرام اعلی کوالٹی چرس برآمد کر کے ایک ملزم نیاز علی ولد برکت سکنہ باڑہ کو گرفتار کر لیا۔

ملزم نے انٹاروگیشن کے دوران چرس پنجاب سمگل کرنے کا اعتراف کیا اسی طرح پشاور پولیس نے ضلع بھر میں منشیات فروشوں اور دیگر جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیوں کے دوران تھانہ خزانہ پولیس نے ملزم زین اللہ کے قبضہ سے 4 کلو گرام چرس، تھانہ فقیر آباد پولیس نے ملزم عبدالواحد ولد گل مت خان کے قبضہ سے 2 کلو گرام چرس، تھانہ حیات آباد پولیس نے ملزم شہزاد کے قبضہ سے 2کلو گرام افیون، تھانہ پشتخرہ پولیس نے ملزم امداد ولد طاہر کے قبضہ سے ایک کلو گرام چرس، تھانہ سربند پولیس نے واجد ولد سیدگل سکنہ اچینی بالا کے قبضہ سے ایک کلو گرام چرس جبکہ تھانہ غربی پولیس نے کفیل مسیح ولد ہریا مسیح کے قبضہ سے 10بوتل شراب برآمد کرکے گرفتار کر لیا ہے جبکہ دیگر جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیوں کے دوران 25 افراد کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے 4 عدد کلاشنکوف، 17 عدد پستول ، 4 عدد رائفل اور سینکڑوں عدد مختلف بور کے کارتوس سمیت 8 کلو گرام چرس بھی بر آمد کرلی گئی ہے جبکہ ضلع بھر کے مختلف تھانوں کی حدود میں غیر رجسٹرڈ کرائے داروں اور نامکمل کوائف پر 23 افراد کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی گئی۔


 

Advertisement