ایران سمگل ہونیوالے بچوں کی ویڈیو، مردان کے والدین نے اپنی بچی کو پہنچا لیا

Last Updated On 06 December,2018 11:16 pm

مردان: (دنیا نیوز) کنٹینر کے ذریعے ایران سمگل ہونے والے درجنوں بچوں کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد مردان سے لاپتہ چھ سالہ بچی فرشتہ نور کے والدین اپنی بچی کے لئے فکرمند ہونے لگے، بچی کے والد کا کہنا ہے کہ اس نے کنٹینر کے بچوں میں اپنی بچی کی شناخت کر لی ہے، حکومت اسے بحفاظت پہنچانے میں مدد کرے۔

مردان کے شہری علاقہ مقام منڈی شریف آباد سے چھ سالہ فرشتہ نور 19 ستمبر کو اپنے گھر کے سامنے کھیلتے ہوئے لاپتہ ہو گئی تھی۔ تھانہ سٹی پولیس نے اس حوالے سے نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا۔

گزشتہ روز ایران سمگل ہونے والے بچوں سے بھرے ایک کنٹینر کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو فرشتہ نور کے والد نے بھی یہ ویڈیو دیکھی اور گھر کے دوسرے افراد کو دکھایا جس کے بعد لاپتہ بچی کے خاندان کو یقین ہو گیا کہ ان بچوں میں اس کی تین ماہ قبل لاپتہ بچی بھی شامل ہے۔

ادھر ڈی پی او سجاد خان کا کہنا ہے کہ یہ ویڈیو سرکاری حکام کے نوٹس میں آئی ہے اور ہم نے ایف آئی اے حکام کے علاوہ بلوچستان ایڈمنسٹریشن سے بھی رابطے کئے ہیں۔
 

Advertisement