فیصل آباد: فوڈ اتھارٹی کُھلے مصالحہ جات کی فروخت روکنے میں ناکام

Last Updated On 02 January,2019 03:28 pm

فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں کُھلے مصالحہ جات کی فروخت روکنے میں پنجاب فوڈ اتھارٹی ہوئی بُری طرح سے ناکام ہو گئی۔ فوڈ اتھارٹی کی کارروائیوں کے باوجود بھی غلہ منڈی سمیت شہر کے دیگر مقامات پر کُھلےمصالحہ جات کی فروخت سرعام جاری ہے۔

پنجاب بھر کی طرح فیصل آباد میں بھی کُھلے مصالحہ جات کی فروخت روکنے کیلئے محکمہ فوڈ اتھارٹی کی جانب سے کارروائیاں تو شروع کردی گئیں مگر غلہ منڈی اور راجباہ روڈ سمیت شہر کے دیگر مقامات پر کُھلے مصالحہ جات کا کاروبار عروج پر رہا۔

فوڈ اتھارٹی کی کارروائیوں پر دکاندار اور آڑھتی بھی آگ بگولا ہو گئے۔ کہتے ہیں کہ بغیر کسی نوٹس کے کارروائیاں کرتے ہوئے دکانداروں کو بھاری جُرمانے شروع کر دئیے گئے ہیں جس سے انکا کاروبار بُری طرح سے متاثر ہو گیا ہے۔

شہر کے مختلف مقامات پر کی جانے والی کارروائیوں کے دوران 43 پروڈکشن یونٹس کو سیل جبکہ 1414 کلوگرام ملاوٹی مصالحہ جات کو قبضہ میں لیا گیا۔ کارروائیوں سے متعلق جاننے کیلئے متعدد بار رابطہ کیا گیا مگر ڈپٹی ڈائریکٹرفوڈ اتھارٹی نے موقف دینے سے ہی انکار کر دیا۔

دکاندار اور آڑھتی کہتے ہیں کہ بلاجواز کارروائیوں کی بجائے اگر گراؤنڈ لیول پر اصلاحاتی اقدامات اٹھاتے ہوئے مصالحہ جات کی پیکنگ کیلئے کچھ وقت دیا جائے تو نہ صرف دکانداروں کے مسائل کم ہونگے بلکہ خریداروں کو بھی معیاری مصالحہ جات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے گی۔

 

Advertisement