بہاولپور: استاد کا بچے پر بہیمانہ تشدد، بااثر زمیندار کا والد پر صلح کیلئے دباو

Last Updated On 29 March,2019 12:16 pm

بہاولپور: (دنیا نیوز) احمد پور شرقیہ میں بچے کو ہنسنا مہنگا پڑ گیا، استاد کا غصہ معصوم بچے کے جسم اور روح پر بھی نشان چھوڑ گیا۔ میڈیا پر معاملہ آنے پر مقامی زمیندار اور علاقے کے با اثر لوگ ٹیچر کو بچانے کے لئے متحرک ہو گئے.

 

آنکھوں میں آنسو، چہرے پر کرب اور خوف، پنڈے پر جابجا چھڑی سے وحشیانہ تشدد کے نشانوں سے چھلکتا خون، یہ محکمہ تعلیم پنجاب کے نعرے مار نہیں پیار کی اصل تصویر ہے۔

افسوسناک واقعہ احمد پور شرقیہ کے گورنمنٹ پرائمری سکول احمد بخش بلوچ میں پیش آیا۔ چوتھی کلاس کا طالب علم احسن رضا کسی بات پر ہنسا۔ ہنسنا کلاس ٹیچر عاصم عباسی کو برا لگا۔ ننھے طالبعلم کو اس قدر پیٹا کہ استاد کا غصہ معصوم طالبعلم کے جسم اور روح پر نشان چھوڑ گیا۔

کسی صاحب دل نے تشدد کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کر دی۔ صورتحال دیکھ کر مقامی زمیندار اور علاقے کے با اثر لوگ ٹیچر کو بچانے کے لئے متحرک ہو گئے۔

بچے کا بے یار و مددگار والد بے بس ہو گیا اور صلح پر آمادگی کا اظہار کر دیا۔ معصوم طالب علم کے پھول سے جسم پر پڑے نشان چیخ چیخ کر کہہ رہے ہیں، آدمیت اور شے ہے، علم ہے کچھ اور شے۔ کتنا طوطے کو پڑھایا پر وہ حیواں ہی رہا۔